عرب ممالک اور یورپی یونین کا سعودی عرب سے مکمل اظہارِ یکجہتی

عرب ممالک اور یورپی یونین کا سعودی عرب سے مکمل اظہارِ یکجہتی

Sep 18, 2026|ویب ڈیسک

برسلز (مانیٹرنگ ڈیسک) عرب ممالک اور یورپی یونین نے حوثیوں کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔اردن اور کویت نے حملے کو سعودی خودمختاری اور عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے سعودی عرب کی حمایت کی اور ملک کے دفاع و سلامتی کیلئے کیے جانے والے اقدامات سے یکجہتی کا اظہار کیا۔بحرین نے بھی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کا امن اور استحکام بحرین کی قومی سلامتی کا اہم حصہ ہے۔ بحرین نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیا کہ حوثیوں کے مسلسل حملوں کے خلاف سخت مؤقف اختیار کیا جائے اور ذمہ داروں کو جواب دہ بنایا جائے۔یورپی یونین نے بھی حملے کی مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب سے مکمل یکجہتی کا اعلان کیا۔ یورپی یونین کے خارجہ امور کے ترجمان انور العنونی نے کہا کہ شہریوں اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنانا ناقابل قبول ہے، جبکہ حوثیوں سے تمام فوجی کارروائیاں فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا۔یورپی یونین کے مطابق حوثیوں کے حملے یمن کے تنازع کے سیاسی اور غیر فوجی حل کی کوششوں کو متاثر کررہے ہیں اور علاقائی سلامتی کیلئے خطرہ ہیں۔یورپی بلاک نے اقوام متحدہ سمیت علاقائی اور عالمی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کشیدگی کم کرنے اور جامع امن کے قیام کیلئے کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔