ابھیشیک شرما نے افغانستان کیخلاف تیز ترین سنچری بنا دی
نئی دہلی (سپورٹس ڈیسک) بھارتی کرکٹ ٹیم کے بائیں ہاتھ کے بیٹر ابھیشیک شرما نے افغانستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں صرف 30 گیندوں پر سنچری مکمل کرکے نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔افغانستان کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھارتی اننگز کا آغاز کرنے والے ابھیشیک شرما نے افغان باؤلرز کو بھرپور آڑے ہاتھوں لیا اور 34 گیندوں پر 108 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جس میں 11 چھکے اور 9 چوکے شامل تھے۔30 گیندوں پر سنچری فل ممبر ممالک کے کسی کھلاڑی کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی تیز ترین سنچری ہے۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ زمبابوے کے سکندر رضا اور نیوزی لینڈ کے فن ایلن کے پاس تھا، جنہوں نے 33، 33 گیندوں پر سنچریاں مکمل کی تھیں۔تاہم مجموعی طور پر ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں تیز ترین سنچری کا ریکارڈ غیر ٹیسٹ کھیلنے والے ملک ایسٹونیا کے ساحل چوہان کے پاس ہے، جنہوں نے 2024ء میں قبرص کے خلاف 27 گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔ ترکیہ کے محمد فہد نے 2025ء میں بلغاریہ کے خلاف 29 گیندوں پر سنچری بنا کر دوسری تیز ترین سنچری کا اعزاز حاصل کیا۔میچ میں بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز بنائے، جواب میں افغانستان کی پوری ٹیم 94 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ اس طرح بھارت نے تین میچوں کی سیریز 0-3 سے جیت لی۔