اسلام آباد ( اباسین خبر) پاکستان اور ترکیہ کے درمیان عدالتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی، جسے دونوں ممالک کے تعلقات میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔تقریب میں پاکستان کی اعلیٰ عدلیہ کے ججز، دیگر حکام اور ترکیہ کی آئینی عدالت کے اعلیٰ سطح وفد نے شرکت کی، جبکہ آغاز میں دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے ترک وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مفاہمتی یادداشت عدالتی شعبے میں تعاون کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گی۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جدید دور میں عدالتی نظام کو ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کی ضرورت ہے، اور بدلتی دنیا میں عدلیہ کا باہمی تعاون ناگزیر ہو چکا ہے۔دوسری جانب ترکیہ کی آئینی عدالت کے سربراہ قادر اوزکایا نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ دن دونوں ممالک کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے پاکستان کے عدالتی نظام کو مؤثر قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان گہرا بھائی چارہ موجود ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ عدالتی تعاون کو مزید مستحکم بنانے اور تجربات کے تبادلے سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے تاکہ دونوں ملکوں کے نظام انصاف کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
پاکستان اور ترکیہ کے درمیان عدالتی تعاون کا نیا باب کھل گیا
3 گھنٹے قبل