قلعہ سیف اللہ ( اباسین خبر)پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے چیئرمین خوشحال خان کاکڑ نے کہا ہے کہ اللہ پاک نے قرآن مجید میں واضح طور پر فرمایا ہے کہ جو قوم اپنی تقدیر بدلنے کی کوشش نہیں کرتی، اس کی تقدیر نہیں بدلے گی۔ ہمیں اس حکم کے مطابق اپنے پشتون افغان ملت کی حالت بدلی کے لیے جدوجہد کرنی چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قلعہ سیف اللہ کے مختلف شمولیتی اجتماعات اور اولسی جرگوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کو عوام کی بھرپور تائید حاصل ہے اور حلقہ این اے 251 کے عوام نے پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے حق میں ووٹ دیکر ہمیں کامیابی دلائی، مگر ریاستی اداروں نے جعلی نمائندے مسلط کر دیے ہیں جو عوام کے لیے قابل قبول نہیں۔خوشحال خان کاکڑ نے نئے شامل ہونے والوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پارٹی کی تقویت کے لیے ایک مثبت فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام کے نام پر عوام سے ووٹ لینے والے عناصر نے کرپشن کے ذریعے دولت کمائی اور عوام کو کوئی فائدہ نہیں پہنچایا۔انہوں نے کہا کہ پشتونخوا کے عوام آج بدترین بے روزگاری، جہالت، غربت، دہشتگردی اور بدامنی کا شکار ہیں۔ سرکاری ادارے تباہ ہو چکے ہیں اور عوام کو بنیادی سہولتیں میسر نہیں۔ خوشحال خان کاکڑ نے اس بات پر زور دیا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی اپنے قومی حقوق اور وسائل کے تحفظ کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔انہوں نے پارٹی کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ عوام تک پارٹی کے پیغام کو پہنچائیں اور اس سلسلے میں دعوت مہم کا آغاز کریں۔
پشتونخوا عوام آج بدترین بے روزگاری، جہالت، غربت، دہشتگردی اور بدامنی کا شکار ہیں:خوشحال خان کاکڑ
7