کوئٹہ ( اباسین خبر)گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ امن صرف تنازعات کی عدم موجودگی نہیں بلکہ افراد اور اقوام کے درمیان ہم آہنگی، افہام و تفہیم اور باہمی احترام کی حالت ہے۔ بلوچستان کے پیچیدہ مسائل کے حل کے لیے بامعنی مذاکرات اور باہمی افہام و تفہیم انتہائی اہم ہیں کیونکہ صوبے کی صورتحال منفرد اور حساس ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ چیلنجز کا سیاسی حل مشاورت اور تمام اسٹیک ہولڈرز کی شمولیت سے ممکن ہے۔ یہ بات انہوں نے آج گورنر ہاس کوئٹہ میں انسپکٹر جنرل پولیس معظم جا انصاری سے ملاقات کے دوران کہی۔گورنر بلوچستان نے کہا کہ پولیس کا امن و امان کو برقرار رکھنے اور عوام کی حفاظت میں اہم کردار ہے۔ عوام کے ساتھ اعتماد و تعاون بڑھا کر موثر پولیسنگ کے لیے کمیونٹی کی شمولیت اور بہتر کارکردگی کے درمیان توازن ضروری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں پولیس پر اضافی ذمہ داریاں ہیں کہ وہ قومی شاہراہوں کو مسافروں کے لیے محفوظ بنائیں اور عوام کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔ ایک پرامن معاشرہ ترقی اور خوشحالی کی بنیاد ہے، جو مضبوط معیشت، تعلیم اور صحت کے بہتر نظام کے ساتھ خوشحال معاشروں کے امکانات کو بڑھاتا ہے۔
موجودہ چیلنجز کا سیاسی حل مشاورت اور تمام اسٹیک ہولڈرز کی شمولیت سے ممکن ہے:گورنر بلوچستان
6