کراچی ( اباسین خبر)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے پنجاب کی وزیرِ اطلاعات عظمی بخاری کے حالیہ بیان پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ان کا بیان افسوسناک ہے۔ انہوں نے سوال کیا، “کیا آپ نے آئین پڑھا ہے؟ کیا آپ کو آئین پڑھنا آتا ہے؟”کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ آئین میں کہاں لکھا ہے کہ صدر کی منظوری درکار ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو نے واضح طور پر کہا ہے کہ کسی صورت کینال منصوبہ نہیں بننے دیا جائے گا، اور اس اہم مسئلے کو سیاست کا حصہ بنانا مناسب نہیں ہے۔شرجیل میمن نے کہا کہ 7 کروڑ لوگوں کی معیشت کا مسئلہ سیاست نہیں، اور بلاول بھٹو نے گزشتہ روز یہ پیغام دیا کہ پاکستان ہے تو ہم سب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے ملک کی خوشحالی، سلامتی اور چاروں صوبوں کے ساتھ مل کر چلنے کی اہمیت پر زور دیا۔پیپلز پارٹی کے رہنما نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو نے واضح طور پر کہا ہے کہ وہ شہباز حکومت کے ساتھ نہیں بلکہ عوام کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پیپلز پارٹی نے ہر فورم پر چولستان کینال منصوبے کی مخالفت کی ہے اور 18 اپریل کو حیدرآباد میں جلسہ کریں گے۔شرجیل میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی کینالوں پر سیاست نہیں کر رہی اور اصولوں پر سودا نہیں کر رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ مسئلہ جینے اور مرنے کا ہے، نہ کہ سیاست کا۔
کیا آپ کو آئین پڑھنا آتا ہے؟شرجیل میمن نے عظمی بخاری کو آئین پڑھنے کا مشورہ دے دیا
11