ممبئی ( شو بزڈیسک)بھارتی ٹی وی کی معروف پروڈیوسر ایکتا کپور اپنے مقبول ڈرامے “کیونکہ ساس بھی کبھی بہو تھی” کو دوبارہ نشر کرنے کی تیاریاں کر رہی ہیں۔ یہ ڈرامہ 3 جولائی 2000 کو نشر ہوا تھا اور 6 نومبر 2008 کو اختتام پذیر ہوا تھا۔ اس میں مرکزی کردار سمریتی ایرانی (تلسی) اور امر اوپادھیائے (مہیر) نے ادا کیے تھے اور اسے ناظرین کی جانب سے بے حد پسند کیا گیا تھا۔اب، خوشخبری ہے کہ ایکتا کپور اس ڈرامے کو ایک سیریز کے طور پر واپس لانے میں مصروف ہیں، اور اس میں اصل اداکاروں کی واپسی متوقع ہے۔ سمریتی ایرانی، جو بھارت میں سابق وفاقی وزیر برائے خواتین و اطفال بھی رہ چکی ہیں، اپنے کردار میں دوبارہ ڈھلنے کے لیے بھرپور تیاری کر رہی ہیں۔رپورٹ کے مطابق، اس مشہور ڈرامے کا تھیم سانگ بھی از سر نو تیار کیا جا رہا ہے اور اس کی شوٹنگ پرانے مقام پر ہی کی جائے گی۔ اگرچہ اس حوالے سے مزید تفصیلات منظرِ عام پر نہیں آئیں، لیکن ممکنہ طور پر جون 2025 میں اس کی نشریات کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔
مقبول بھارتی ڈرامہ “کیونکہ ساس بھی کبھی بہو تھی” واپس آ رہا ہے، ایکتا کپور کی تیاریاں جاری
6