کراچی ( شوبز ڈیسک)پاکستان کی معروف ماڈل نادیہ حسین ایف آئی اے سائبر کرائم کے دفتر پہنچ گئیں ہیں تاکہ اپنے شوہر کی گرفتاری اور رشوت طلبی کے الزام پر بیان ریکارڈ کروا سکیں۔ نادیہ حسین نے اپنے شوہر عاطف خان کی بینک فراڈ میں گرفتاری کے بعد ایف آئی اے افسر پر رشوت طلب کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔نادیہ حسین نے مبینہ رشوت مانگنے کے الزام میں ایک ویڈیو بیان ریکارڈ کیا تھا جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے افسر نے ان سے رشوت طلب کی تھی تاکہ ان کے شوہر عاطف خان کو بینک فراڈ کے کیس میں ریلیف دیا جا سکے۔ایف آئی اے نے نادیہ حسین کو اس الزام پر طلب کیا اور ان کے فلیٹ پر چھاپہ مارا، جبکہ ان کا موبائل فون بھی تحویل میں لے لیا۔ ایف آئی اے نے نادیہ حسین کو اس بات پر بیان دینے کی پیشکش کی تھی، تاہم ماڈل نے کیس کرنے کے بجائے اپنا بیان سوشل میڈیا پر شیئر کر دیا تھا۔نادیہ حسین کی ویڈیو کے بعد ایف آئی اے افسر کی شکایت پر سائبر کرائم حکام نے نادیہ حسین کے موبائل فون کو تحویل میں لیا، جس کے لیے متعلقہ عدالت سے اجازت بھی حاصل کی گئی تھی۔یاد رہے کہ نادیہ حسین کے شوہر عاطف محمد خان کو بینک الفلاح سیکیورٹیز میں 540 ملین روپے کی خرد برد کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ ایف آئی اے نے 8 مارچ 2025 کو عاطف خان کو بطور سی ای او مالیاتی دھوکہ دہی کے معاملے میں گرفتار کیا تھا۔
نادیہ حسین ایف آئی اے سائبر کرائم میں بیان ریکارڈ کروانے پہنچ گئیں، شوہر کے بینک فراڈ کیس میں رشوت طلبی کا الزام
2