اسلام آباد( سپورٹس ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے ہنگو سے تعلق رکھنے والے فٹبالر محمد ریاض کو 25 لاکھ روپے کا چیک دیا اور ان کے لیے وفاقی ادارے میں نوکری کا انتظام بھی کیا۔وزیراعظم نے محمد ریاض سے ملاقات کے دوران ان کی ہمت و حوصلے کی پذیرائی کی اور انہیں کھیل جاری رکھنے کی ترغیب دی، ساتھ ہی پاکستان میں فٹبال کے فروغ کے لیے فعال کردار ادا کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں کی افرادی قوت ملک کا قیمتی اثاثہ ہے اور حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر مسابقت کے لیے تمام وسائل فراہم کیے جائیں۔شہباز شریف نے محمد ریاض کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ قوم کے ہونہار کھلاڑی ہیں اور ان کا ٹیلنٹ ضائع نہیں ہونے دیا جائے گا۔ وزیراعظم نے حکام کو ہدایت کی کہ محمد ریاض کو ان کی پسند کے وفاقی ادارے میں ملازمت دی جائے اور کھلاڑیوں کی بہبود کے لیے اقدامات تیز کیے جائیں۔اس موقع پر فٹبالر محمد ریاض نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور ان کے فیصلے کو کھلاڑیوں کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیا۔وزیراعظم کی اس ملاقات میں وفاقی وزرا، مشیر وزیر اعظم اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔ یاد رہے کہ محمد ریاض کی ایک ویڈیو حال ہی میں سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں وہ مالی مشکلات کے سبب جلیبیاں بیچنے پر مجبور تھے، جس پر وزیراعظم نے نوٹس لیا تھا اور ان سے ملاقات کی تھی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی فٹبالر محمد ریاض کو 25 لاکھ روپے کی مالی معاونت اور نوکری کا وعدہ
3