اسلام آباد( کامرس ڈیسک) خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے تعاون سے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان سرمایہ کاری اور تجارتی تعلقات میں نئی پیشرفت ہوئی ہے۔ اس سلسلے میں پاکستان اور ترکیہ نے 5 ارب ڈالر کے تجارتی ہدف کے حصول کے لیے عملی اقدامات اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔ایس آئی ایف سی کی مدد سے حکومت نے ایک مربوط حکمت عملی تیار کی ہے جس کے تحت دونوں ممالک مختلف شعبوں جیسے سیاحت، تعلیم، آئی ٹی، انفراسٹرکچر، اور دفاعی شعبے میں تعاون کو مزید بڑھائیں گے۔ اس کے علاوہ، کھیلوں کے سامان اور آلات جراحی کے ذریعے برآمدات میں اضافہ کرنے اور تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔دونوں ممالک کی مشترکہ تاریخ و ثقافت کے پیش نظر، طلبہ کے تبادلے کے ذریعے تعلیمی و برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کی خواہش کا اظہار کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، دوطرفہ اور عالمی امور پر مشاورت اور ہم آہنگی کے لیے شورائے اخوت کے قیام پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔پاکستان اور ترکیہ نے فری ٹریڈ ایگریمنٹ کے تحت تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے کی کوششیں کی ہیں، جس سے دونوں ملکوں کے درمیان اشیا کی تجارت کے دائرہ کار کو بڑھایا جائے گا۔ دونوں ممالک نے سی پیک کے تحت ترکیہ کے شامل ہونے کی خواہش کا بھی اظہار کیا ہے، اور تجارتی روابط کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ تجارتی نمائشوں کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔پاکستان اور ترکیہ کی حکومتوں نے اس بات پر بھی زور دیا ہے کہ ترکیہ کی کمپنیوں کے لیے پاکستان میں کاروباری عمل کو آسان بنایا جائے گا۔ اس کے علاوہ، اسلام آباد اور استنبول کے درمیان مال بردار ٹرین کی بحالی پر کام جاری ہے تاکہ تجارتی روابط میں استحکام لایا جا سکے۔ایس آئی ایف سی نے عالمی برادری کا اعتماد بحال کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھی ہیں، جس کے نتیجے میں غیرملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور معاشی ترقی کے لیے راہیں ہموار ہو رہی ہیں۔
تجارتی ہدف کا حصول،پاکستان اور ترکیہ کے درمیان سرمایہ کاری و تجارتی تعاون میں نئی پیشرفت
1