پشاور( اباسین خبر)پشاور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر فیصل جاوید کو جہاز سے آف لوڈ کرنے پر سرکاری وکیل پر برہمی کا اظہار کیا۔پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ نے فیصل جاوید کو جہاز سے آف لوڈ کرنے کے معاملے پر توہین عدالت کی درخواست کی سماعت کی۔ فیصل جاوید اپنے وکیل عالم خان ادینزئی کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے، جنہوں نے کہا کہ عدالت نے فیصل جاوید کو عمرہ پر جانے کی اجازت دی تھی، تاہم انہیں جہاز سے آف لوڈ کر دیا گیا۔جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ نے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ جب آپ لوگوں کے پاس اتنی طاقت نہیں ہے تو عدالت میں کیوں کمٹمنٹ کرتے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ اگر ادارے عدالت کے حکم کو نہیں مانتے تو پھر آپ ان کا دفاع کیوں کرتے ہیں؟ انہوں نے مزید کہا کہ عدالت کا مقصد صرف آئین و قانون پر عمل درآمد ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ آئین و قانون کی بالادستی ہو۔عدالت نے اس موقع پر درخواست گزار کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا نئی درخواست دائر کی گئی ہے، جس پر وکیل نے توہین عدالت کی درخواست دائر ہونے کی تصدیق کی۔ جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ نے کہا کہ وہ درخواست وصول ہونے پر اس کو سنیں گے۔قبل ازیں، فیصل جاوید نے ایئرپورٹ پر آف لوڈ کرنے کے معاملے پر پشاور ہائیکورٹ میں توہینِ عدالت کی درخواست دائر کی۔ درخواست میں کہا گیا کہ عدالت نے وزارت داخلہ کو فیصل جاوید کا نام پی این آئی ایل سے نکالنے کا حکم دیا تھا، لیکن عدالتی حکم کے باوجود انہیں عمرہ پر جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔
جہاز سے آف لوڈ کرنے پر سینیٹر فیصل جاوید سرکاری وکیل پر برہم
1