کراچی ( کامرس ڈیسک)حب پاور ہولڈنگز لمیٹڈ کے ماتحت حبکو گرین اور پی ایس او کے مابین ملک بھر میں ای وی (الیکٹرک گاڑیوں) چارجنگ انفراسٹرکچر کی تنصیب کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔ اس معاہدے کے تحت حبکو گرین نے کراچی میں پہلے ای وی چارجنگ اسٹیشن کا افتتاح کیا ہے۔پاکستان کی حکومت نے 2030 تک نئی ای وی پالیسی کے تحت ملک میں 30 فیصد گاڑیوں کو الیکٹرک بنانے کا ہدف مقرر کیا ہے، جس کا مقصد ماحول دوست اور توانائی کی بچت کے امکانات کو بڑھانا ہے۔ حبکو گرین کے چارجنگ اسٹیشنز کی تنصیب سے الیکٹرک گاڑیوں کا استعمال مزید بڑھنے کی توقع ہے، اور اس سے سبز توانائی کے فروغ میں مدد ملے گی۔اس حوالے سے ایک اور اہم قدم پاکستان اور چین کی ایک کمپنی کے درمیان ای وی چارجنگ اسٹیشنز کے قیام کا معاہدہ ہے، جس سے ملک میں الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کی مزید حوصلہ افزائی ہو گی۔ اس سے قبل ہاشو گروپ اور دیوان موٹرز کے درمیان بھی ای وی چارجنگ اسٹیشنز کے قیام کے لیے معاہدہ ہو چکا ہے۔حکومت ایس آئی ایف سی (اسٹریٹجک انویسٹمنٹ اینڈ فنانس کمیٹی) کی معاونت سے ای وی چارجنگ اسٹیشنز کے قیام کے ذریعے ای وی کے شعبے میں انقلاب لانے کے لیے پرعزم ہے۔ یہ اقدامات پاکستان کی توانائی کی ضروریات کو کم کرنے اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے اہم ثابت ہو سکتے ہیں۔
پاکستان میں ماحول دوست ٹرانسپورٹ کی جانب اہم پیش رفت
2