کراچی( اباسین خبر)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ 26ویں ترمیم میں شامل جماعتوں نے قومی جرم کیا ہے۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ 26ویں ترمیم کے ذریعے ایک مجرمانہ عمل کیا گیا ہے اور اس پر عدالتیں اپنا کردار ادا نہیں کر رہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں کئی منصوبے مکمل نہیں ہو رہے ہیں، جیسے کے فور منصوبہ اور سرکولر ریلوے۔حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ کراچی کی ترقی کے لیے اقدامات نہیں کیے جا رہے ہیں، شہر کو 17 ہزار بسوں کی ضرورت ہے لیکن صرف 300 بسیں فراہم کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نہ تو ریڈ لائن بن رہی ہے اور نہ ہی اورنج لائن، یہ کرپٹ اور نااہل لوگ ہیں اور سندھ حکومت کرپشن اور نااہلی کا امتزاج ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے بچوں کا مستقبل دا پر لگا ہوا ہے اور یہ تعلیمی نسل کشی کر رہے ہیں۔ حافظ نعیم الرحمان نے یہ بھی کہا کہ کراچی کے لوگوں کی ترجمانی جماعت اسلامی کر رہی ہے کیونکہ بدقسمتی سے کسی اور جماعت نے کراچی کے عوام کے حقوق کے لیے آواز نہیں اٹھائی۔امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم ہر حکومت میں شامل ہوتی ہے اور اس وقت بھی پاکستان اسٹیل مل نہیں چل رہی، جہاں 1370 ملازمین کو نکال دیا گیا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ پاکستان اسٹیل مل منافع میں چل رہی تھی، پھر یہ کیسے نقصان میں آئی۔حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک کے بعد جماعت اسلامی عوام کی ترجمانی کرتے ہوئے ایک بہت بڑا ملین مارچ کرے گی، اور ہم وہ اقدامات کریں گے جس سے مسائل حل ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے ساتھ ظلم و زیادتی قابل قبول نہیں۔
26ویں ترمیم میں شامل جماعتیں قومی مجرم ہیں: حافظ نعیم الرحمان
5