لاہور( اباسین خبر)صوبائی وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی کارکردگی کچھ افراد کو ہضم نہیں ہو رہی۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمی بخاری کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کو ایک سال مکمل ہو چکا ہے اور وزیراعلی مریم نواز کی حکومت کا کوئی منصوبہ ادھورا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر منصوبہ مکمل ہو چکا ہے اور ان کا اعلان کرنے کے لیے دروازے پر دستک دینے کی ضرورت نہیں۔عظمی بخاری نے مزید کہا کہ ایک خاص پارٹی کو پنجاب حکومت کی کارکردگی سے مسئلہ ہے، جنہوں نے اپنے دور میں صرف سکینڈلز پیدا کیے اور ہر عہدے کے لیے ریٹ مقرر کیے۔ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں پیسے لے کر تقرریاں اور تبادلے کیے گئے تھے اور ان کے منصوبے صرف سوشل میڈیا تک محدود تھے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی کی طرف سے پنجاب حکومت کے خلاف پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے اور مریم نواز کی قیادت میں پنجاب میں کئی اہم منصوبے شروع کیے گئے ہیں جیسے ایئر ایمبولینس، کسان کارڈ اور گرین بسیں۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی حکومت نے اپنی کارکردگی سے عوام کے دلوں میں جگہ بنائی ہے اور 90 سے زائد منصوبے شروع کیے ہیں۔عظمی بخاری کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے 10 ہزار گھروں کی تعمیر کا عمل شروع کیا ہے اور 100 گھروں کی چابیاں لوگوں کو فراہم کی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی والوں کو مریم نواز کی کارکردگی سے تکلیف ہو رہی ہے اور وہ مسلسل منفی مہم چلا رہے ہیں، تاہم مریم نواز نے اپنے کام سے ثابت کر دیا ہے کہ وہ عوام کے لیے کام کر رہی ہیں۔
پنجاب حکومت کی کارکردگی کچھ لوگوں کو ہضم نہیں ہو رہی: عظمیٰ بخاری
5