اسلام آباد( اباسین خبر)قومی اسمبلی نے کشمیری عوام کو خراجِ تحسین پیش کرنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی۔ یہ قرارداد وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر امیر مقام نے پیش کی، جس میں کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا گیا۔قرارداد میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم اور تشدد کی شدید مذمت کی گئی، اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کا مطالبہ کیا گیا۔اجلاس کے دوران پی ٹی آئی کے رہنما عامر ڈوگر نے کہا کہ ہم اس کارروائی کا حصہ بنے ہیں کیونکہ کشمیر ہم سب کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ہمارے دور میں کشمیریوں کا مسئلہ دنیا بھر میں اٹھایا گیا تھا، لیکن آج ہماری خارجہ پالیسی تذبذب کا شکار ہے۔عامر ڈوگر نے یہ بھی کہا کہ موجودہ حکومت کشمیریوں کے بارے میں لاپرواہ ہے اور ملک میں فسطائیت اور غنڈہ گردی کا ماحول ہے۔
قومی اسمبلی: کشمیریوں کو خراج تحسین پیش کرنے کی قرار داد متفقہ طور پر منظور
5