کوئٹہ ( اباسین خبر)صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور وولٹیج میں کمی بیشی نے شہریوں کو مشکلات میں مبتلا کر دیا ہے۔ گزشتہ روز ہونے والی بارش کے بعد کوئٹہ کے مختلف علاقوں، بشمول جناح ٹائون، کلی اسماعیل، سریاب، کلی کمالو، گاہی خان چوک، پشتون آباد، سیٹلائٹ ٹائون، رئیسانی روڈ اور دیگر مقامات پر بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور کم وولٹیج کی شکایات سامنے آئیں۔کئی گھنٹوں تک بجلی کی بندش کی وجہ سے شہری ذہنی کوفت کا شکار ہیں، جبکہ علاقے میں پانی کی فراہمی بھی معطل ہو گئی ہے جس سے عوام کو مزید مشکلات کا سامنا ہے۔ شدید سردی کے موسم میں ہونے والی بارش کے دوران اور اس کے بعد کوئٹہ کے گنجان آباد نواحی علاقوں اور کلیوں میں طویل لوڈ شیڈنگ جاری ہے، جس کی وجہ سے لوگوں کا کاروبار بھی بری طرح متاثر ہو چکا ہے۔عوامی حلقوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ اس صورتحال کا نوٹس لے اور عوام کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائے۔ مزید برآں، وولٹیج کی کمی بیشی کو دور کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں تاکہ لوگ اپنے کاروبار کو جاری رکھ سکیں۔ شہریوں نے یہ بھی کہا کہ بجلی کی بندش اب روز کا معمول بن چکی ہے جس سے وہ ذہنی تنا کا شکار ہو گئے ہیں۔حکومت اور کیسکو حکام پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ وہ اس مسئلے کے تدارک کے لیے کوئی سنجیدہ قدم نہیں اٹھا رہے ہیں، اور روز بروز مینٹیننس کے نام پر بجلی بند کر دی جاتی ہے۔ عوام نے اس سلسلے کو فوری طور پر ختم کرنے کی درخواست کی ہے تاکہ وہ اپنی زندگیوں کو معمول کے مطابق جاری رکھ سکیں۔
کو ئٹہ میں غیر اعلا نیہ لوڈشیڈنگ سے عوام مشکلا ت کا شکا ر،کاروبار زندگی مفلوج
1