کو ئٹہ ( اباسین خبر)گورنر بلوچستان جعفر خان نے کہا کہ ملک و قوم کی پائیدار ترقی اور خوشحالی میں مضبوط معاشی نظام کا اہم کردار ہے اور اس کے ثمرات عوام تک پہنچانا ضروری ہے۔ بلوچستان میں غربت کی سطح دیگر صوبوں کے مقابلے میں زیادہ ہے، اور اس حوالے سے انہوں نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کو ضلعی اور نچلی سطح پر وسعت دینے کی اہمیت پر زور دیا۔گورنر نے کہا کہ صوبے بھر میں سینکڑوں خالی آسامیاں موجود ہیں جن پر افراد کی بروقت تعیناتی نہ ہونے کی وجہ سے غریب عوام اس پروگرام سے مناسب فائدہ نہیں اٹھا پاتے۔ انہوں نے اس بات کی ضرورت پر زور دیا کہ بلوچستان کے عوام کے لیے مزید آسانیاں پیدا کی جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس پروگرام سے مستفید ہو سکیں۔انہوں نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں مالیاتی امور اور ادارے کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے، تاہم اب بھی مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔ گورنر نے نادرا اور ایف آئی اے کے تعاون کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ دونوں ادارے مستقبل میں بھی اس پروگرام کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر جلال فیض نے گورنر کو آگاہ کیا کہ بلوچستان کے کئی دور افتادہ علاقوں میں انٹرنیٹ کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے پروگرام کی کارکردگی میں سست روی آتی ہے۔ گورنر نے اس مسئلے کا حل تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ معاشرے کے محروم اور مستحق افراد کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے مزید اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
بلوچستان میں غربت بہت زیادہ، معاشی عوامل کے ثمرات عام آدمی تک پہنچائے جائیں، گورنر بلوچستان
3