کو ئٹہ ( اباسین خبر)وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت اب مثبت سمت میں گامزن ہو چکی ہے، اور اس کی ترقی کے لیے پالیسیوں کا تسلسل انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کو مزید مستحکم بنانے کے لیے حکومت نے برآمدات بڑھانے پر خصوصی توجہ مرکوز کی ہے۔ یہ بات انہوں نے پاکستان بزنس کونسل کی طرف سے معیشت پر منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔وزیر تجارت کا کہنا تھا کہ مختلف ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات میں اضافے کے لیے حکومت مثر اقدامات اٹھا رہی ہے، جن کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نئی منڈیوں کی تلاش میں ہے تاکہ برآمدات میں اضافہ ہو سکے۔ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان آکر کاروبار کرنے کے لیے بھرپور سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔جام کمال خان نے کہا کہ حکومت صنعتکاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے کیونکہ صنعت ہی برآمدات کے اضافے کا اہم ذریعہ ہے۔ انہوں نے امریکہ اور یورپ کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے حکومت کے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی اور عالمی مارکیٹ تک پاکستانی مصنوعات کی رسائی کو ممکن بنانے پر زور دیا۔آخر میں، وزیر تجارت نے کہا کہ مقامی صنعتوں کے فروغ کے لیے ایکسپو سینٹرز میں نمائشوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے تاکہ مقامی تاجروں اور صنعتکاروں کو عالمی سطح پر اپنے کاروبار کو بڑھانے کے مزید مواقع ملیں۔
ملکی معیشت مثبت سمت کی جانب گامزن ،معاشی استحکام کیلئے پالیسیوں کا تسلسل ضروری ہے، جام کمال
3