ڈیرہ اسما عیل خان ( اباسین خبر)مولانا فضل الرحمان نے صوبہ خیبرپختونخوا میں قیام امن کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی پیشکش کی ہے اور اس مقصد کے لیے جرگہ بلانے کی تجویز دی ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں قبائلی مشران سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جرگے میں تمام قبائل کے لوگ شامل ہوں گے اور اگر ضرورت پڑی تو وہ حکومت سمیت تمام متعلقہ افراد سے بات کرنے کو تیار ہیں۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ امن کے قیام کے لیے رمضان سے پہلے دوسرا جرگہ بلایا جائے گا، جس میں تمام مکاتب فکر کا متفقہ فیصلہ یہ ہوگا کہ اسلحے کا استعمال نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ قبائلی مشران کو بلا کر ان سے پوچھا جائے کہ وہ کیا چاہتے ہیں اور اس کے مطابق فیصلہ کیا جائے۔سربراہ جے یو آئی نے مزید کہا کہ قبائل کا مسئلہ ہمیشہ ان کے دل کے قریب رہا ہے اور انہوں نے ہمیشہ قبائل کے حقوق کے لیے آواز اٹھائی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وقت کی کمی کے باعث وہ تمام قبائل کے مشران سے مل نہیں سکے لیکن ان کی کوشش ہمیشہ رہی ہے کہ قبائل کے مسائل کو مقامی عمائدین کے ساتھ مل کر حل کیا جائے۔مولانا فضل الرحمان نے اس بات پر زور دیا کہ انہوں نے 2012 سے ایک مستقل قبائلی جرگہ قائم کر رکھا ہے، جس میں مختلف سیاسی جماعتوں، مذاہب اور مسالک کے لوگ شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس جرگے کی ایک خاص بات یہ ہے کہ اس میں ہر طبقے کے لوگ شامل ہیں، جو آنے والے حالات اور موجودہ صورتحال پر نظر رکھتے ہیں۔اس جرگے کا مقصد امن کا قیام اور قبائلی علاقوں کے مسائل کو افہام و تفہیم سے حل کرنا ہے۔
مولانا فضل الرحمان کی پختونخوا میں قیام امن کیلئے اپنا کردار ادا کرنےکی پیشکش
4