جامشورو( اباسین خبر)چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے خلاف تمام افراد کو مل کر کام کرنا ہوگا۔اندرون سندھ کے ضلع جامشورو کی مہران انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی سمیت دیگر چیلنجز کا سامنا ہے، اور سندھ کو 2022 میں بدترین سیلاب کا سامنا کرنا پڑا۔انہوں نے گریجویشن مکمل کرنے والے طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ ان کے لیے خوشی کا دن ہے اور طلبہ کو ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنا چاہیے۔ بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو روکنے کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ضروری ہے۔چیئرمین پی پی پی نے مہران یونیورسٹی کو ملک کے بہترین تعلیمی اداروں میں شمار کرتے ہوئے کہا کہ سندھ اسمبلی کے زیادہ تر ارکان اسی یونیورسٹی سے تعلق رکھتے ہیں، اور سندھ کے انجینئرز پر انہیں فخر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انجینئرز کا انفراسٹرکچر کی ترقی میں اہم کردار ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کی تیز رفتار ترقی کے ساتھ ساتھ ہمیں فیک نیوز اور سائبر کرائمز جیسے چیلنجز کا بھی سامنا ہے۔ بلاول بھٹو نے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو انسانیت کی خدمت کے لیے ضروری قرار دیا۔آخر میں بلاول بھٹو نے سندھ کی تاریخی اہمیت اور ثقافتی ورثے پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ہمیں اپنی تعمیرات کو ماحولیاتی تبدیلیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے بہتر بنانا چاہیے۔
ماحولیاتی تبدیلوں کے خلاف سب کو مل کر کام کرنا ہوگا: بلاول بھٹو
3