لاہور( سپورٹس ڈیسک)بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے قبل ایک اور نیا تنازع کھڑا کر دیا ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ نے سیکیورٹی کی وجوہات کو جواز بنا کر پہلے پاکستان آ کر کھیلنے سے انکار کیا تھا اور پھر چیمپئنز ٹرافی کو آئی سی سی کے کہنے پر ہائبرڈ ماڈل پر منتقل کیا۔ اس ماڈل کے تحت پاکستان کو میزبان ملک ہونے کے باوجود بھارتی ٹیم کے میچز دبئی میں کھیلنے کی اجازت دی گئی۔تاہم، اس صورت حال میں پاکستان نے یہ مطالبہ کیا تھا کہ اگر بھارتی ٹیم نہیں آتی تو آئندہ ہونے والے ایونٹس کے لیے بھی یہی ماڈل اپنایا جائے گا۔ اب، بھارتی کرکٹ بورڈ نے چیمپئنز ٹرافی کی جرسی پر ‘پاکستان’ (میزبان ملک کا نام) چھاپنے پر اعتراض اٹھایا ہے، جس پر کرکٹ فینز میں غصہ دیکھنے کو ملا ہے۔آئی سی سی قوانین کے مطابق، جو ملک ایونٹ کی میزبانی کرتا ہے، اس کا نام ایونٹ کی جرسی پر درج ہوتا ہے۔ تاہم بھارت اب اس معاملے میں بھی سیاست کرنے کی کوشش کر رہا ہے، حالانکہ اس نے ہائبرڈ ماڈل کے تحت اپنے میچز دبئی میں کھیلنے کی اجازت حاصل کی ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایک عہدیدار نے کہا ہے کہ بھارتی ٹیم کا جرسی پر پاکستان کا نام چھاپنے پر اعتراض کرنا کرکٹ میں سیاست لانے کی کوشش ہے۔ عہدیدار نے یہ بھی کہا کہ بھارت کا مقصد میزبان ملک کا نام خراب کرنا اور کرکٹ کے ایونٹ کو متنازعہ بنانا ہے، جس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
بھارتی ٹیم کی جرسی پر ‘پاکستان’، بورڈ نے اعتراض اٹھادیا
2