اسلام آباد( اباسین خبر)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل انفراسٹرکچر اور ڈیجیٹائزیشن کو اپنانا، نئی ڈیجیٹل سرگرمیوں اور برآمدات کی ڈیجیٹل سروسز پر مشتمل فریم ورک براہ راست بیرونی سرمایہ کاری کے لئے ترغیب کا باعث بن سکتا ہے، جو ملک میں سرمایہ کار دوست ماحول کی فراہمی کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے۔وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان میں وزیراعظم نے پاکستان کے ورلڈ اکنامک فورم اور ڈیجیٹل کوآپریشن آرگنائزیشن کے مشترکہ ڈیجیٹل فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ انیشیٹو کا حصہ بننے کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ پاکستان ورلڈ اکنامک فورم کے تحت ڈیجیٹل فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ انیشیٹو کو اپنانے والا پہلا ملک بن گیا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کا پہلا ڈیجیٹل ایف ڈی آئی پراجیکٹ، اہداف کی نشاندہی کے ساتھ ڈیجیٹل ترقی کو فروغ دینے کے لیے اہم کوششیں کر رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے کے تحت ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، ڈیجیٹائزیشن، نئی ڈیجیٹل سرگرمیوں اور برآمدات کی ڈیجیٹل سروسز پر مشتمل فریم ورک تیار کیا جائے گا، جو براہ راست بیرونی سرمایہ کاری کے لیے ترغیب کا باعث بنے گا۔ وزیراعظم نے اس کو ملک میں سرمایہ کار دوست ماحول کی فراہمی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ پاکستان جامع ڈیجیٹل معیشت کی طرف گامزن ہے، جو پائیدار ترقی اور خوشحالی کی جانب ایک اہم قدم ہے اور یہ اقدام حکومت پاکستان کے معاشی ترقی کے لیے عزم کا عکاس ہے۔
وزیراعظم کا ڈیجیٹل فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ انیشیٹو کا حصہ بننے کا خیر مقدم
6