اسلام آباد( کامرس ڈیسک)عالمی منڈیوں تک فضائی رسائی کے لیے اہم پاکستانی ہوائی اڈہ نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ 20 جنوری سے آپریشنل ہونے کے امکانات ہیں، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پہلا تحریری نوٹم جاری کر دیا۔یہ ایئرپورٹ پاکستان کا دوسرا گرین فیلڈ ایئرپورٹ ہوگا، جو متحدہ عرب امارات، یورپ، مشرقِ بعید، وسطی ایشیا اور افریقہ تک اضافی فضائی رسائی فراہم کرے گا۔ 4300 ایکڑ رقبے پر پھیلا یہ ایئرپورٹ 12 ہزار فٹ طویل رن وے کے ساتھ، ایئر بس 380 جیسے بڑے طیاروں کو بھی لینڈ کرنے کی سہولت فراہم کرے گا۔یومیہ 50 سے زائد ایئر لائنز کو ایندھن بھرنے اور کارگو آپریشن کی سہولتیں فراہم کی جا سکیں گی۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نوٹم جاری کر کے تمام ایئر لائنز کو آگاہ کیا ہے کہ نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ 20 جنوری سے پروازوں کے لیے آپریشنل ہوگا۔ ابتدائی طور پر قومی ایئر لائن (پی آئی اے) پروازیں چلا کر ایئرپورٹ کو آپریشنل کیا جائے گا۔یہ نوٹم نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے حوالے سے پہلا تحریری نوٹم ہے، اور ملکی و غیر ملکی ایئر لائنز نے بھی یہاں پروازیں چلانے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ ایئرپورٹ کی تعمیر پر تقریبا 55 ارب روپے کی لاگت آئی ہے، جس میں چینی گرانٹ بھی شامل ہے۔ منصوبہ 2019 میں شروع ہوا تھا اور 2024 کے اکتوبر تک مکمل ہوا۔
نیوگوادرانٹرنیشنل ایئرپورٹ کے پیر کو آپریشنل ہونے کا امکان روشن
3