کراچی ( شو بز ڈیسک)حکومت سندھ نے فلم، ڈرامہ اور ڈاکیومینٹری کی صنعت کو فروغ دینے کے لیے عملی اقدامات تیز کر دیے ہیں۔ اس حوالے سے صوبے کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیرِ صدارت کانٹینٹ اینڈ پروڈکشن اوور سائٹ بورڈ کا پہلا اجلاس منعقد ہوا، جس میں مقامی ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی، عوامی آگاہی بڑھانے اور انتہا پسندی کے خلاف بیانیہ تشکیل دینے کے لیے آرٹسٹوں اور ڈرامہ نگاروں کی حوصلہ افزائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس کے دوران شرجیل میمن نے نئے لکھاریوں اور تخلیقی پروڈکشن ہاسز کے لیے خصوصی اقدامات کا اعلان کیا اور کہا کہ ان کی مالی معاونت بھی کی جائے گی تاکہ وہ اپنے منصوبے مکمل کر سکیں۔اجلاس میں سیکریٹری اطلاعات سندھ ندیم الرحمن میمن، ڈی جی پی آر سلیم خان، اور دیگر اعلی حکام سمیت بورڈ ممبران قاضی اسد عابد، وردہ سلیم، اور اذان سمیع خان نے شرکت کی۔ ڈی جی پی آر نے بورڈ کے مقاصد اور پالیسی گائیڈلائنز پر روشنی ڈالی۔ اراکین نے نئے ٹیلنٹ کے فروغ اور پروڈکشن ہاسز کے منصوبوں کا جائزہ لینے کے لیے اپنی تجاویز پیش کیں۔آئندہ اجلاس میں پروڈکشن ہاسز سے کام کے بنیادی خاکے طلب کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
سندھ حکومت کا فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کے فروغ کیلئے اقدامات کا اعلان
1