اسلام آباد( کامر س ڈیسک)ملک میں تنخواہ دار طبقہ سب سے زیادہ ٹیکس دینے والا تیسرا بڑا شعبہ بن گیا ہے۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی دستاویز کے مطابق، سال 2023-24 کے دوران تنخواہ دار طبقے سے 368 ارب روپے ٹیکس وصول کیے گئے، جو کہ گزشتہ مالی سال 2022-23 کے مقابلے میں 103 ارب 74 کروڑ روپے زیادہ ہے۔دستاویز میں بتایا گیا کہ ایک سال میں تنخواہ دار طبقے سے ٹیکس وصولی میں 39.3 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ کنٹریکٹس، بینک سود اور سکیورٹیز سے ٹیکس ادائیگی میں نمایاں اضافہ ہوا۔دستاویز کے مطابق، کنٹریکٹس سے 496 ارب روپے ٹیکس جمع ہوئے، جو کہ 106 ارب روپے سے زیادہ کا اضافہ تھا۔ بینکوں کے سود اور سکیورٹیز کی مد میں 489 ارب روپے ٹیکس وصول کیا گیا، جس میں سالانہ بنیاد پر 52.8 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ منافع کی تقسیم پر 70 فیصد اضافے کے ساتھ 145 ارب روپے ٹیکس جمع ہوئے۔اس کے علاوہ، بجلی کے بلوں پر ٹیکس وصولی میں 30 فیصد اضافہ ہوا اور 124 ارب روپے حاصل کیے گئے۔ پراپرٹی کی خریداری پر 104 ارب اور فروخت پر 95 ارب روپے ٹیکس جمع ہوا۔ ٹیلی فون بلز پر ٹیکس وصولی میں 14.3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور تقریبا 100 ارب روپے جمع ہوئے۔برآمدی شعبے نے 27.2 فیصد اضافے کے ساتھ 94 ارب روپے ٹیکس دیا، جبکہ دیگر شعبوں میں ٹیکنیکل فیس، کیش نکلوانے، کمیشن اور ریٹیلرز شامل ہیں۔
تنخواہ دار طبقہ سب سے زیادہ ٹیکس دینے والا تیسرا بڑا شعبہ بن گیا
1