ریا ض( مانیٹرنگ ڈیسک)سعودی عرب نے حج کے سفر کو مزید آسان بنانے کیلئے نسک پورٹل کا اپ ڈیٹ ورژن لانچ کر دیا ہے، جس میں 100 سے زائد اضافی سروسز شامل کی گئی ہیں۔مقامی میڈیا کے مطابق، سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے جدہ میں حج کانفرنس اور نمائش کے چوتھے ایڈیشن کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی خصوصی ہدایات اور ولی عہد محمد بن سلمان کے تعاون سے گزشتہ سال حج و عمرہ زائرین کی تعداد 18.5 ملین سے تجاوز کر گئی تھی۔وزیر حج نے مزید بتایا کہ گزشتہ سال مسجد نبوی میں روضہ رسول کی زیارت کرنے والوں کی تعداد 13 ملین سے زیادہ تھی۔ انہوں نے کہا کہ حجاج و زائرین کی سہولت کیلئے اعلی تربیت یافتہ عملہ اور ڈیجیٹل حج آپریشنز کے جامع نظام نے خدمات کی بہتر اور منظم فراہمی کو یقینی بنایا۔ڈاکٹر الربیعہ نے اس بات پر زور دیا کہ سفرِ حج جو پہلے مشکل و تھکا دینے والا ہوتا تھا، اب بہترین خدمات کی فراہمی سے آسان اور اطمینان بخش ہو چکا ہے، اور مملکت کے لیے اللہ کے مہمانوں کی خدمت ہمیشہ اولین ترجیح ہے۔
سعودیہ نے حج کے سفر کیلئے نسک پورٹل کا اپ ڈیٹ ورژن لانچ کردیا
1