خرطوم ( مانیٹرنگ ڈیسک)سوڈان کے دارالحکومت خرطوم کے متصل جڑواں شہر میں سوڈانی فوج اور پیرا ملٹری فورس آر ایس ایف کے درمیان شدید جھڑپوں میں ہلاکتوں کی تعداد 120 تک پہنچ گئی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق، رضاکاروں نے بتایا کہ گزشتہ روز شہر کے مختلف حصوں میں دریائے نیل کے دوسرے کنارے سے گولہ باری کی گئی، جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں ہلاکتیں ہوئیں۔ تاہم، ریسکیو ورکرز نے اس بات کی وضاحت نہیں کی کہ گولہ باری کس کی طرف سے کی گئی تھی اور ہلاک ہونے والوں کا تعلق کس گروہ سے تھا۔ریسکیو ٹیموں کے مطابق، ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی تعداد اتنی زیادہ ہے کہ مقامی سطح پر فوری طبی سہولتوں کی فراہمی میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ ہیلتھ ورکرز اور ڈاکٹرز زخمیوں کی جان بچانے کی کوششیں کر رہے ہیں۔دریائے نیل کے دونوں طرف سے گولہ باری اور بھاری بمباری کی اطلاعات ہیں، جبکہ سوڈانی فوج اور آر ایس ایف کے درمیان جنگ گزشتہ 20 ماہ سے جاری ہے، اور حالیہ ہفتوں میں اس جنگ میں مزید شدت آئی ہے۔سوڈانی فوج اور آر ایس ایف دونوں ایک دوسرے پر شہریوں اور طبی کارکنوں سمیت صحافیوں کو نشانہ بنانے کا الزام عائد کرتے ہیں۔
سوڈانی فوج اور پیرا ملٹری فورس میں شدید جھڑپیں، ہلاکتیں 120 ہوگئیں
1