لاہور( اباسین خبر)پنجاب کے میدانی علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں، جس کے باعث حد نگاہ انتہائی کم ہوگئی ہے اور متعدد موٹر ویز بند ہو گئیں ہیں جبکہ فلائٹ آپریشن بھی متاثر ہے۔ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق، دھند کے باعث پنجاب میں حد نگاہ کم ہونے پر مختلف مقامات سے موٹر ویز بند کر دی گئی ہیں۔ موٹر وے ایم 2 لاہور سے کوٹ مومن، ایم 3 لاہور سے ملتان تک بند ہے، جبکہ ایم 4 پر پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم تک ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہے۔ اسی طرح، موٹر وے ایم 11 لاہور سیالکوٹ پر بھی ٹریفک کی نو انٹری ہے۔ملتان سکھر موٹروے ایم 5 کو حد نگاہ میں بہتری آنے کے بعد کھول دیا گیا ہے۔دوسری جانب، لاہور، گوجرانوالہ، ملتان، فیصل آباد، سیالکوٹ اور دیگر شہروں میں دھند کا راج برقرار ہے اور قومی شاہراہوں پر بھی حد نگاہ انتہائی کم ہے، جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے، اور مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔موٹر وے پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور فوگ لائٹس استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔دھند کے باعث لاہور ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بھی متاثر ہے اور کئی پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔ اس کے علاوہ، ٹرینوں کی آمدورفت بھی بدستور تاخیر کا شکار ہے، جس کے باعث مسافروں کو پریشانی کا سامنا ہو رہا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق، گزشتہ روز لاہور میں ہونے والی بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔ آج لاہور کا کم سے کم درجہ حرارت 7 اور زیادہ سے زیادہ 16 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، جبکہ موجودہ درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ لاہور میں آج بارش کے امکانات نہیں، تاہم ہوا میں نمی کا تناسب 97 فیصد تک پہنچ گیا ہے اور ہوا کی رفتار پانچ کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔
پنجاب کے میدانی علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں، موٹر ویز متعدد مقامات سے بند
3