کراچی( اباسین خبر)وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اگر اصل رسیدیں دکھا دیں تو وہ فوری طور پر رہائی پا سکتے ہیں۔کراچی میں صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان لوگوں سے رسیدیں مانگتے تھے، لیکن جب ان سے خود رسیدیں طلب کی گئیں تو وہ جعلی نکلیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے 50 ارب روپے کھا کر اب تک کسی سے ڈکار بھی نہیں مارا۔احسن اقبال نے سوال اٹھایا کہ کیا یہ ممکن ہے کہ آپ کو سستے تحفے ملیں اور آپ کے گن مین کو مہنگے تحفے ملیں؟ انہوں نے کہا کہ جب رسیدیں مانگنے کی باری آئی تو عمران خان نے کہا کہ ہم سے رسیدیں نہ مانگیں، یہ انصاف نہیں بلکہ “تحریک انصاف” ہے۔وفاقی وزیر نے اعلان کیا کہ وزیراعظم 31 دسمبر کو “اڑان پاکستان” منصوبے کا آغاز کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں تین اڑانیں ناکام ہو چکی ہیں، لیکن اڑان پاکستان سیاست سے بالاتر ہے۔ انہوں نے سندھ میں وفاقی منصوبوں پر کام جاری رکھنے کا بھی عزم ظاہر کیا۔احسن اقبال نے کہا کہ وفاقی حکومت کے زیرِ نگرانی منصوبوں پر کام رکنے نہیں دیں گے اور سیلاب متاثرین کی بحالی میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے زراعت، صنعت، ٹیکنالوجی اور تخلیقی صنعتوں کے فروغ کو حکومت کی ترجیح قرار دیا۔وفاقی وزیر نے سیاسی جماعتوں کے تعلقات کے بارے میں کہا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی دونوں بڑی جماعتیں ہیں اور دونوں کے نظریات مختلف ہیں، لیکن جب ملک کی بہتری کی بات ہو تو یہ دونوں جماعتیں ایک پیج پر آجاتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو عالمی سطح پر معاشی چیلنجز کا سامنا ہے، اور ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے تمام جماعتوں کو ساتھ چلنا ہوگا۔ وزیر خزانہ این ایف سی کا اجلاس بلا رہے ہیں اور مسائل کو حل کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کو سائبر اسپیس میں دیر سے قدم اٹھانے کا نقصان ہو رہا ہے۔ انہوں نے سائبر بزنس کی حفاظت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس وقت غیر اعلانیہ جنگ کا سامنا کر رہا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ سٹاک مارکیٹ میں گزشتہ چند برسوں میں بہتری آئی ہے، اور مہنگائی کی شرح میں کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف مفاہمت کی سیاست ضروری ہے اور معیشت کو مضبوط کرنے کے لیے ایکسپورٹ کو 30 ارب ڈالر سے 100 ارب ڈالر تک پہنچانا ہوگا۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ “اڑان پاکستان” کے تحت اس ہدف کو حاصل کرنے کے لیے صوبوں کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا۔
عمران خان اصل رسیدیں دکھا دیں ، رہا ہو جائیں گے: احسن اقبال
3