پشاور ( اباسین خبر)مشیر اطلاعات پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ ملک پر مسلط دو سیاسی خاندانوں نے جمہوریت کی بنیادوں کو کھوکھلا کر دیا ہے۔یوم قائداعظم کے موقع پر اپنے پیغام میں بیرسٹر سیف نے قوم کو قائداعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت کی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ بابائے قوم نے اپنی بصیرت، حکمت اور بے لوث قیادت کے ذریعے ایک آزاد ریاست کی بنیاد رکھی۔ ان کی قیادت نے مسلمانوں کو ایک مقصد اور منزل عطا کی۔بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ قائداعظم کے تین اصول اتحاد، ایمان اور تنظیم کسی بھی قوم کی ترقی میں بنیادی حیثیت رکھتے ہیں۔ آج کا دن ملک میں حقیقی جمہوریت کی بحالی اور قانون کی حکمرانی کی تجدید عہد کا دن ہے۔انہوں نے کہا کہ دہائیوں سے ملک پر مسلط سیاسی اشرافیہ نے قائد کے پاکستان کا چہرہ مسخ کر دیا ہے۔ ملک پر مسلط دو سیاسی خاندانوں نے جمہوریت کی بنیادیں کھوکھلی کر دی ہیں۔ قائداعظم ہمیشہ دیانتدار، اصول پسند اور کردار کے پختہ انسان تھے، اور انہوں نے اپنے الفاظ اور عمل سے یہ ثابت کیا کہ ایمانداری اور محنت کامیابی کی کنجی ہیں۔صوبائی مشیر نے کہا کہ قائداعظم کا خواب ایک ایسی ریاست کا قیام تھا، جہاں ہر شخص کو مذہبی، سیاسی اور معاشرتی آزادی حاصل ہو۔ ان کی قربانیوں کی بدولت ہم آج آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں۔ قائداعظم کا پیغام ہمیں سکھاتا ہے کہ کسی بھی مشکل حالت میں امید اور حوصلہ قائم رکھنا چاہیے۔بیرسٹر سیف نے کہا کہ قائداعظم کی جدوجہد ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ مستقل مزاجی اور قربانیوں سے بڑی سے بڑی منزل حاصل کی جا سکتی ہے۔ یومِ قائد ہمیں یہ موقع دیتا ہے کہ ہم قائداعظم کی تعلیمات کو یاد کریں اور ان پر عمل پیرا ہو کر ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان کی تعمیر ممکن بنائیں۔
ملک پر مسلط 2 سیاسی خاندانوں نے جمہوریت کی بنیادیں کھوکھلی کردیں، بیرسٹر سیف
5