نئی دہلی ( شوبز ڈیسک)بھارتی گلوکار اور ریپر بادشاہ پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانہ عائد کر دیا گیا۔ یہ واقعہ گرگام کے سیکٹر 68 میں آریا مال کے قریب پیش آیا، جہاں بادشاہ اپنے قافلے کے ساتھ گلوکار کرن اوجلا کے کنسرٹ میں شرکت کے لیے پہنچے تھے۔ ٹریفک پولیس نے بادشاہ کے قافلے میں شامل ایک گاڑی پر 15,500 روپے کا چالان جاری کیا، کیونکہ وہ غلط سمت میں جا رہی تھی۔پولیس کے مطابق، بادشاہ کے قافلے میں شامل تین گاڑیوں میں سے ایک گاڑی کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر جرمانہ کیا گیا، جبکہ دیگر دو گاڑیوں، جن میں ایک مرسڈیز بھی شامل تھی، کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ ان کے خلاف بھی کارروائی کی جا سکے۔ پولیس نے بتایا کہ گاڑیوں کے غلط سمت میں داخل ہونے کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھی، اور سی سی ٹی وی فوٹیج سے خلاف ورزی کی تصدیق ہوئی۔ تاہم، ڈپٹی کمشنر آف پولیس (ٹریفک) وریندر وج نے یہ واضح نہیں کیا کہ بادشاہ خود گاڑی چلا رہے تھے یا ان کے ساتھ کوئی ڈرائیور تھا۔ بادشاہ نے ان الزامات کی تردید کی ہے اور انہیں بیبنیاد قرار دیا ہے۔
بھارتی ریپر بادشاہ پر ٹریفک قوانین توڑنے پر بھاری جرمانہ
4