لاہور( سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) چیمپئنز ٹرافی کے میچز کے لیے یو اے ای کے ساتھ ساتھ سری لنکا کے آپشن پر بھی غور کر رہا ہے۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق دبئی اس وقت فیورٹ مقام ہے، لیکن کولمبو کو بھی ذہن میں رکھا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے آئی سی سی کی جانب سے ایونٹ کی تفصیلات کا اعلان اتوار یا پیر کو متوقع ہے۔پاکستان اور بھارت کے درمیان چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے کئی ماہ سے تنازعہ جاری تھا، تاہم دونوں بورڈز نے بالآخر پارٹنر شپ یا فیوژن فارمولے پر اتفاق کر لیا ہے۔ اس فارمولے کے مطابق بھارتی ٹیم اپنے میچز نیوٹرل وینیو پر کھیلے گی۔ اگر بھارت فائنل میں نہ پہنچا تو لاہور میزبانی کرے گا۔ جواب میں پاکستان کی ٹیم 2026 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے اپنے میچز بھارت میں نہیں کھیلے گی، بلکہ سری لنکا میزبان ہوگا۔اس وقت پی سی بی کے کچھ اعلی حکام عمرہ ادا کرنے کے لیے سعودی عرب میں موجود ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ پاکستان اور بھارتی بورڈز کے درمیان تمام معاملات پر اتفاق ہو چکا ہے، اور اب گیند آئی سی سی کے کورٹ میں ہے۔ اس معاہدے کی شکل دے کر دستخط کرائے جائیں گے، اور عالمی کونسل اتوار یا پیر کو اس حوالے سے باضابطہ اعلان کرے گی۔
چیمپئنز ٹرافی، پاکستان کا دبئی کے ساتھ کولمبو پر بھی غور
13