اسلام آباد( کامرس ڈیسک)وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت وزیراعظم کی آئی ٹی برآمدات ترسیلات زر کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں ایک اہم انکشاف ہوا کہ پاکستان میں 23 لاکھ 20 ہزار فری لانسرز میں سے صرف 38 ہزار کے پاس بینک اکانٹس ہیں۔اجلاس میں وزیر خزانہ کو بریفنگ دی گئی کہ ہر ہفتے 500 فری لانسرز کے بینک اکانٹس کھولے جا رہے ہیں۔ گورنر سٹیٹ بینک نے کمیٹی کو چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔وزارت خزانہ کے مطابق، اجلاس میں آن لائن ادائیگیوں کے لیے پے پال کا نظام پاکستان میں لانے پر زور دیا گیا، جبکہ آئی ٹی پروفیشنلز کو مواقع فراہم کرنے کے لیے ایک نیا ادائیگی کا نظام لانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سٹیک ہولڈرز، ایف بی آر، سٹیٹ بینک، وزارت آئی ٹی اور فری لانسرز پر مشتمل ایک ورکنگ گروپ بنایا جائے گا۔وزیر خزانہ نے پاکستان کی اقتصادی ترقی میں آئی ٹی کے شعبے کے اہم کردار کو اجاگر کیا اور کہا کہ آئی ٹی سیکٹر کی برآمدات سے غیر ملکی آمدنی میں اضافہ کرنے کے لیے باہمی تعاون اور مستقل پالیسیوں کی ضرورت ہے۔
23 لاکھ فری لانسرز میں سے صرف 38 ہزار کے پاس بینک اکاؤنٹس ہونے کا انکشاف
8