کراچی( اباسین خبر)کے الیکٹرک نے 220 میگاواٹ کے ہائبرڈ منصوبے کیلئے ملکی سطح پر کم ترین بولی حاصل کرلی۔ کے الیکٹرک کو دھابیجی سندھ میں پاکستان کے پہلے 220 میگاواٹ ہائبرڈ ونڈ/سولر منصوبے کے لیے 7 بولیاں موصول ہوئی، کمپنی نے مالیاتی بڈنگ کے لیے کراچی میں ایک تقریب کا انعقاد کیا، جس میں کینیڈا سے تعلق رکھنے والی کمپنی JCM پاورنے 8.91 روپے فی یونٹ کی سب سے کم ٹیرف بولی لگائی جو ملک میں قابل تجدید توانائی (رینوایبل انرجی) کے شعبے میں ایک نئی مثال ہے۔کے الیکٹرک قابل تجدید توانائی کے شعبے میں مسابقتی بولی کے عمل میں پیش پیش ہے جس کی منظوری نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (NEPRA) نے 2024 کی پہلی ششماہی میں دی تھی۔ ان منصوبوں کے اجرا کے ساتھ کے الیکٹرک پائیدار اور روشن مستقبل کی جانب تیزی سے گامزن ہے۔ کمپنی کا مقصد 2030 تک اپنے جنریشن مکس میں قابل تجدید توانائی کے حصے کو 30 فیصد تک بڑھانا ہے اگلے مرحلے میں کے الیکٹرک بولی کی منظوری کے لیے تشخیصی رپورٹ نیپرا میں جمع کرائے گا۔کے الیکٹرک کے سی ای او مونس علوی نے کہا ہے کہ اس طرح کی بولی ملنا ہمارے لیے باعث اطمینان ہے اور اس عمل کو شفاف طریقے سے مکمل کیا گیا، ہم سرمایہ کاروں کے مشکور ہیں کہ انہوں نے کے الیکٹرک پر بطور برانڈ اور پاکستان کی اقتصادی صلاحیت پر اپنا اعتماد برقرار رکھا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس طرح کے پیچیدہ اور جدید منصوبے کی مسابقتی بولی کے عمل کے لیے تعاون پر نیپرا کے شکر گزار ہیں۔ یہ کے الیکٹرک کے اپنے جنریشن منصوببے میں قابل تجدید توانائی کے حصے کو بڑھانے، پیداواری لاگت کو کم کرنے اور مہنگے درآمدی ایندھن پر انحصار کو بتدریج کم کرنے کے وژن کے عین مطابق ہے۔ اس طرح کا ٹیرف ملنے کے بعد ہمیں توقع ہے کہ حکومت صارفین کو بھی ریلیف دے سکے گی۔
کے الیکٹرک نے 220 میگاواٹ ہائبرڈ منصوبے کیلئے کم ترین بولی حاصل کرلی
38