کوئٹہ (ابا سین خبر)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما صوبائی مشیر برائے صنعت و حرفت میر علی حسن زہری نے کہا ہے کہ اسوہ حسنہ کی پیروی میں دنیا و آخرت کی کامیابی ہے۔اسوہ حسنہ پر عمل کرنے سے مصائب و تکالیف ٹلتی ہیں اور ظلم و بد امنی سے نجات ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ربیع الاول کا مبارک مہینہ آقائے دو جہاں حضرت محمدمصطفیۖکی ذات گرامی سے منسوب ہے جس میں عاشقان ِ رسول آپۖ سے اپنے عشق اور محبت کا اظہار اور اتباع رسولۖ کا عہد کرتے ہیں ، یہ مبارک مہینہ امت مسلمہ کے درمیان اتحاد اور وحدت کا مہینہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نبی آخر الزمان حضرت محمد مصطفی ۖسے محبت کا تقاضا ہے کہ ہم آپۖ کی سیرت و کردار کو مشعل راہ بنائیں۔ آج ہمارا معاشرہ جن حالات سے دو چار ہے اس میں ضروری ہے کہ نبی کریم ۖکی سیرت طیبہ کو نمونہ و مشعل حیات بنایا جائے۔رسول پاکۖسے محبت اور ان کے خاتم النبین ہونے پر یقین ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عہد ِ حاضر میں پاکستان وہ واحد ملک ہے جسے اللہ اور اس کے رسولۖکا کلمہ بلند کرنے کے لئے بنایا گیا ۔تاریخ میں ایسی مثالیں بھی کم ہی ملتی ہیں کہ کسی قوم یا نسل نے ایک نظریئے کے لئے اس بڑے پیمانے پر ہجرت کی ہو، اتنی جانوں کی قربانی دی ہو۔انہوں نے کہا کہ یہ رحمتوں برکتوں کا مہینہ ہے کیونکہ اس میں رحمت اللعالمین دنیا میں تشریف لائے۔
نبی پاک ؐ سے محبت اورانکے خاتم النبین ہونے پر یقین ایمان کا حصہ‘ علی حسن
34