معیاری جیولین نہ ملنے پر یاسر سلطان مشکلات کے باوجود کامن ویلتھ گیمز کی تیاری میں مصروف
لاہور( سپورٹس ڈیسک) پاکستان کے دوسرے بہترین جیولین تھرور یاسر سلطان معیاری جیولین کی عدم دستیابی کے باعث مقامی سازوسامان سے ٹریننگ کرنے پر مجبور ہیں، تاہم وہ کامن ویلتھ گیمز کی تیاری بھرپور انداز میں جاری رکھے ہوئے ہیں۔پنجاب اسٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یاسر سلطان نے بتایا کہ وہ اس وقت مقامی جیولین سے پریکٹس کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں وہ ضرورت پڑنے پر ارشد ندیم سے جیولین لے لیا کرتے تھے، لیکن اب دونوں کی ٹریننگ کا وقت ایک ہی ہونے کی وجہ سے ایسا کرنا مناسب نہیں سمجھتے۔انہوں نے کہا کہ معیاری جیولین کی فراہمی کے لیے انہوں نے فیڈریشن سے درخواست کی، جس کے بعد فیڈریشن نے پاکستان اسپورٹس بورڈ کو اس سلسلے میں خط بھی لکھا ہے۔ یاسر سلطان نے امید ظاہر کی کہ انہیں جلد بین الاقوامی معیار کی جیولین فراہم کر دی جائے گی، جس سے ان کی تیاری مزید بہتر ہو سکے گی۔یاسر سلطان کا کہنا تھا کہ کامن ویلتھ گیمز ان کے کیریئر کا ایک اہم ایونٹ ہے اور وہ اس میں عمدہ کارکردگی دکھانے کے لیے پُرجوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم کے ساتھ اتنے بڑے عالمی مقابلے میں شریک ہونا ان کے لیے اعزاز کی بات ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ ارشد ندیم کی موجودگی سے انہیں حوصلہ بھی ملتا ہے اور بہتر کارکردگی دکھانے کا مثبت دباؤ بھی برقرار رہتا ہے۔ ان کے مطابق نئے کوچ کی نگرانی میں فٹنس پر خصوصی توجہ دی گئی ہے اور وہ آئندہ مقابلوں میں اچھے نتائج کے لیے پُرامید ہیں۔