جے ڈی وینس کی محسن رضائی سے براہِ راست ملاقات کی پیشکش
واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ایران کے قومی سلامتی کے سربراہ محسن رضائی سے براہِ راست ملاقات کی پیشکش کردی ہے۔امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے ایک امریکی عہدیدار کے حوالے سے بتایا ہے کہ امریکی انتظامیہ محسن رضائی کو کسی معاہدے پر اتفاقِ رائے پیدا کرنے کے لیے اہم شخصیت سمجھتی ہے۔امریکی انٹیلی جنس حکام کے خیال میں محسن رضائی ایران کے سپریم لیڈر کے زیادہ قریب ہیں۔ ممکنہ ملاقات استنبول یا دوحہ میں ہوسکتی ہے، جبکہ جے ڈی وینس نے گزشتہ ہفتے انہیں خط بھی بھیجا تھا۔واشنگٹن پوسٹ کے مطابق خط میں دونوں ممالک کے قومی مفادات کو مذاکرات کی بنیاد بنانے پر زور دیا گیا اور واضح کیا گیا کہ امریکا کی بنیادی ترجیح ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر ایران اپنا جوہری پروگرام روک دے تو اس کے بدلے معاشی پابندیاں اٹھائی جاسکتی ہیں۔ قطر بھی مذاکرات میں اہم ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے اور ایرانی قیادت سے رابطے میں ہے۔