پاکستان میں ناکامی انگلینڈ کیلئے سبق ثابت ہوگی، برینڈن میکلم

پاکستان میں ناکامی انگلینڈ کیلئے سبق ثابت ہوگی، برینڈن میکلم

Oct 30, 2026|ویب ڈیسک

لاہور (سپورٹس ڈیسک) انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے وائٹ بال ہیڈ کوچ برینڈن میکلم نے پاکستان میں ون ڈے سہ فریقی سیریز میں ناکامی کے باوجود مستقبل کیلئے مثبت امیدیں ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم اس دورے سے بہت کچھ سیکھے گی۔برینڈن میکلم کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کا ہدف آئندہ سال ہونے والے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ میں مضبوط ٹیم کے طور پر شرکت کرنا ہے، جس کیلئے کھلاڑیوں کو اپنی کارکردگی بہتر بنانا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ٹیم سیریز میں اپنی کارکردگی کا جائزہ لے گی اور ان پہلوؤں کی نشاندہی کرے گی جن میں بہتری کی ضرورت ہے۔ مسلسل بہتر ہونے کی کوشش جاری رکھنا ہوگی اور انہیں یقین ہے کہ پاکستان کے دورے کے تجربات سے بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا۔انگلش ہیڈ کوچ نے کپتان ہیری بروک کی قیادت اور حکمت عملی کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مشکل حالات میں ٹیم کو سنبھالنے کیلئے بہترین فیصلے کیے۔واضح رہے کہ پاکستان میں کھیلی گئی سہ فریقی ون ڈے سیریز کے ابتدائی 3 میچز میں شکست کے بعد انگلینڈ فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگیا تھا، تاہم آخری گروپ میچ میں سری لنکا کو 55 رنز سے شکست دے کر ایونٹ کا اختتام کامیابی کے ساتھ کیا۔انگلینڈ کی ٹیم اب نومبر میں آسٹریلیا کے خلاف وائٹ بال سیریز کھیلے گی، جو 2027 کے ورلڈ کپ کی تیاریوں کا حصہ ہوگی۔