راشد خان ٹی 20 انٹرنیشنل میں 200 وکٹیں لینے والے پہلے بولر بن گئے
لاہور (سپورٹس ڈیسک) افغانستان کے اسٹار لیگ اسپنر راشد خان نے ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے 200 وکٹیں مکمل کرلیں اور یہ اعزاز حاصل کرنے والے دنیا کے پہلے بولر بن گئے۔راشد خان نے یہ سنگ میل جمعرات 29 اکتوبر کو شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں حاصل کیا۔ انہوں نے زمبابوے کے وکٹ کیپر بیٹر تادیواناشے مارومانی کو 2 رنز پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کرکے اپنی 200 ویں وکٹ حاصل کی۔اس اعزاز کے ساتھ راشد خان ٹی 20 انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولرز کی فہرست میں پہلے نمبر پر آگئے ہیں۔ انگلینڈ کے عادل رشید 171 وکٹوں کے ساتھ دوسرے جبکہ ہانگ کانگ کے احسان خان اور نیوزی لینڈ کے ایش سوڈھی 165، 165 وکٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔راشد خان کا یہ ریکارڈ افغانستان کی زمبابوے کے خلاف 19 رنز سے کامیابی کے دوران قائم ہوا۔ افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز بنائے، جس کے جواب میں زمبابوے کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں پر 202 رنز بنا سکی۔اس کامیابی کے ساتھ افغانستان نے 3 میچز کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری بھی حاصل کرلی۔