وسیم اکرم کی ڈراموں میں آمد متوقع، ماہ نور بلوچ کے ساتھ مرکزی کردار کی خبریں
کراچی( شو بز ڈیسک) پاکستان کے سابق مایہ ناز کرکٹر وسیم اکرم کی ٹیلی وژن ڈراموں میں اداکاری کے آغاز سے متعلق خبریں سامنے آئی ہیں، جس پر شائقین کی جانب سے ملا جلا ردعمل ظاہر کیا جا رہا ہے۔ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق وسیم اکرم کو معروف اداکارہ ماہ نور بلوچ کے ساتھ ایک نئے ڈرامے میں کاسٹ کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ اس منصوبے کی ہدایت کاری فہیم برنی کریں گے۔رپورٹس کے مطابق ڈرامہ تاحال ابتدائی مراحل میں ہے اور فنکاروں سے بات چیت جاری ہے، تاہم اداکاروں کے ناموں کو ابھی حتمی شکل نہیں دی گئی۔وسیم اکرم اس سے قبل فلم ’’منی بیک گارنٹی‘‘ میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں، لیکن مجوزہ ڈرامہ ان کا ٹیلی وژن پر پہلا اداکاری کا منصوبہ ہوگا۔اس خبر پر اداکارہ جویریہ عباسی نے خوشی کا اظہار کیا، جبکہ بعض سماجی رابطوں کے صارفین نے سابق کرکٹر کی ممکنہ اداکاری اور انتخاب پر تنقید بھی کی ہے۔