ٹائیگر شروف کے ساتھ ایسا ہوسکتا ہے تو کسی کے ساتھ بھی ہو سکتا ہے، سنیل شیٹی
ممبئی (شوبز ڈیسک) بالی ووڈ کے سینئر اداکار سنیل شیٹی نے اداکار ٹائیگر شروف کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا اور اگر ٹائیگر کے ساتھ ایسا ہو سکتا ہے تو کسی کے ساتھ بھی ہو سکتا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق، صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سنیل شیٹی نے کہا کہ پوری دنیا ٹائیگر شروف اور جیکی دادا سے محبت کرتی ہے۔ اگر ان کے ساتھ ایسا واقعہ پیش آ سکتا ہے تو کسی دوسرے شخص کے ساتھ بھی ایسا ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹائیگر کھیلوں اور ورزش پر بہت زیادہ توجہ دیتے ہیں۔ انہیں معلوم نہیں کہ یہ واقعہ کیسے پیش آیا، تاہم ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا۔سنیل شیٹی کا کہنا تھا کہ ہر شخص کے لیے محفوظ رہنا انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیکی دادا ان کے بچپن کے دوست ہیں اور وہ دعا کرتے ہیں کہ سب کچھ ٹھیک ہو جائے۔ انہیں اس بات پر اطمینان ہے کہ ٹائیگر شروف خیریت سے ہیں، جبکہ فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہونے والے ان کے ڈرائیور کی حالت اب بہتر ہو رہی ہے۔واضح رہے کہ ٹائیگر شروف کی گاڑی پر فائرنگ کا واقعہ دو روز قبل ممبئی کے علاقے جوہو میں پیش آیا تھا، جب وہ فٹ بال میچ کھیلنے کے بعد وہاں سے روانہ ہو رہے تھے۔واقعے میں ٹائیگر شروف محفوظ رہے، تاہم ڈرائیور سمیت دو افراد زخمی ہوئے۔ پولیس نے حملے میں ملوث مشتبہ ملزمان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔