اخراجات پورے کرنے کے لیے سیکیورٹی گارڈ اور ڈیلیوری بوائے بھی بنا، ارسلان نصیر

اخراجات پورے کرنے کے لیے سیکیورٹی گارڈ اور ڈیلیوری بوائے بھی بنا، ارسلان نصیر

Oct 20, 2026|ویب ڈیسک

کراچی (شوبز ڈیسک) پاکستانی اداکار اور کانٹینٹ کری ایٹر ارسلان نصیر نے انکشاف کیا ہے کہ بیرونِ ملک تعلیم کے دوران اپنے اخراجات پورے کرنے کے لیے انہوں نے سیکیورٹی گارڈ اور ڈیلیوری بوائے سمیت مختلف ملازمتیں کیں۔حال ہی میں جیو نیوز کے پروگرام ’ہنسنا منع ہے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ارسلان نصیر نے بیرونِ ملک تعلیم حاصل کرنے کے دوران پیش آنے والی مشکلات اور اپنے تجربات بیان کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیمی اخراجات اور روزمرہ ضروریات پوری کرنے کے لیے انہیں مختلف کام کرنا پڑے۔اداکار نے بتایا کہ بیرونِ ملک قیام کے دوران روزمرہ کے کام بھی خود انجام دینے پڑتے تھے، جبکہ پاکستان میں اہلِ خانہ کے ساتھ رہنے والے بہت سے نوجوانوں کو گھر میں مختلف سہولتیں میسر ہوتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مائیں اپنے بیٹوں کا خاص خیال رکھتی ہیں اور ان کے لیے پھل چھیلنے جیسے کام بھی کر دیتی ہیں، لیکن بیرونِ ملک جا کر احساس ہوتا ہے کہ وہاں ایسی سہولتیں دستیاب نہیں ہوتیں اور ہر کام خود کرنا پڑتا ہے۔ارسلان نصیر نے بتایا کہ یونیورسٹی میں تعلیم کے دوران انہوں نے سیکیورٹی گارڈ اور ڈیلیوری بوائے کے طور پر کام کیا، جبکہ ان کی پہلی ملازمت ایک پیزا شاپ میں کیشیئر کی تھی۔ماضی کی مصروفیات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وہ صبح یونیورسٹی جاتے اور رات بھر سیکیورٹی گارڈ کی ڈیوٹی کرتے تھے۔ ڈیوٹی کے دوران پڑھائی جاری رکھنے کے لیے کتابیں بھی اپنے ساتھ رکھتے تھے۔ارسلان نصیر نے کہا کہ تعلیم اور ملازمت کی بھاری ذمہ داریاں بیک وقت نبھانے کے باوجود یہ تجربات ان کے لیے خوش گوار اور یادگار رہے۔واضح رہے کہ ارسلان نصیر کو ان کے ڈیجیٹل پلیٹ فارم ’کامکس بائے ارسلان‘ (CBA) کے ذریعے شہرت ملی۔ ان کے مزاحیہ مواد، ڈراموں کی پیروڈی اور کرکٹ سے متعلق ویڈیوز کو بڑی تعداد میں ناظرین نے پسند کیا۔ٹیلی وژن پر اداکاری شروع کرنے سے قبل وہ اینی میٹڈ سیریز ’برقع ایوینجر‘ کے اسکرپٹ پر بھی کام کر چکے ہیں۔ انہوں نے 2021 میں رمضان ڈرامے ’چپکے چپکے‘ سے ٹیلی وژن پر اداکاری کا آغاز کیا، جس کے بعد وہ ’پریستان‘، ’نیم‘ اور ’رد‘ سمیت دیگر ڈراموں میں بھی نظر آئے۔