جنوری 2027 سے بجلی کا نیا ٹیرف بڑھنے کا امکان
اسلام آباد( کامرس ڈیسک)ملک میں یکم جنوری 2027 سے بجلی کا نیا ٹیرف 27 روپے 31 پیسے فی یونٹ مقرر ہونے کا امکان ہے۔بجلی کی خریداری کی قیمت 2027 میں بڑھ کر 27.309 روپے فی کلوواٹ آور، یعنی فی یونٹ تک پہنچ سکتی ہے۔سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے بجلی کے نرخوں پر آئندہ نظرثانی کے لیے بنیادی تخمینے میں بجلی کی مجموعی خریداری کی لاگت 3.55 کھرب روپے رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔یہ تخمینے واپڈا کی سابقہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے صارفین کے لیے بجلی کے نرخوں پر نظرثانی کے عمل کا حصہ ہیں۔ اس عمل کا اطلاق یکم جنوری 2027 سے متوقع ہے۔نظرثانی کے دوران بجلی کی بنیادی لاگت کا ازسرِنو تعین کیا جائے گا، جسے بجلی کے نرخ مقرر کرنے کے لیے بطور حوالہ استعمال کیا جائے گا۔ اسی نظرثانی شدہ بنیادی لاگت کی بنیاد پر نئے دور کے لیے صارفین کے بجلی کے نرخوں کا تعین کیا جائے گا۔واضح رہے کہ 27.31 روپے فی یونٹ کا نرخ فی الحال ایک تخمینہ ہے، حتمی ٹیرف کا تعین نظرثانی کے عمل کے بعد ہوگا۔