سلمان خان معافی مانگیں ورنہ سنگین نتائج بھگتیں گے، رمیش بشنوئی کی دھمکی
ممبئی (شوبز ڈیسک) بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کو گینگسٹر لارنس بشنوئی کے کزن رمیش بشنوئی نے ایک بار پھر معافی مانگنے کا مطالبہ کرتے ہوئے سنگین نتائج کی دھمکی دی ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، رمیش بشنوئی نے ممبئی میں اداکار ٹائیگر شروف کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعے کے بعد خبر رساں ادارے آئی اے این ایس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سلمان خان کے ساتھ کام کرنے والے افراد کو بھی نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔رمیش بشنوئی نے دعویٰ کیا کہ وہ یہ بیان ذاتی حیثیت میں نہیں بلکہ گینگ کے مؤقف کے طور پر دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لارنس بشنوئی کی سلمان خان سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں، بلکہ اصل معاملہ بشنوئی برادری کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچنے کا ہے۔رمیش کے مطابق، سلمان خان کو برادری سے معافی مانگ کر معاملہ ختم کرنے کا موقع دیا گیا تھا، تاہم اداکار نے ایسا نہیں کیا۔واضح رہے کہ سلمان خان اور بشنوئی گینگ کے درمیان تنازع 1998 میں کالے ہرن کے شکار کے مقدمے سے منسلک ہے۔