کراچی ( شوبز ڈیسک) پاکستان کے معروف کامیڈین اور مِمکری آرٹسٹ وحید لالہ نے سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری کی نقل پر ہونے والی تنقید کے بعد اپنا مؤقف واضح کر دیا ہے۔کچھ عرصہ قبل بشریٰ انصاری نے ایک ٹی وی پروگرام میں اپنی مِمکری پر ناراضی کا اظہار کیا تھا، جس کے بعد یہ معاملہ سوشل میڈیا پر زیرِ بحث آ گیا۔ بعد ازاں وحید لالہ نے ایک پوڈکاسٹ میں اس حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔وحید لالہ نے کہا کہ بشریٰ انصاری پاکستان کا قیمتی اثاثہ اور شوبز انڈسٹری کی لیجنڈ شخصیت ہیں، جن کی وہ بے حد عزت کرتے ہیں۔ ان کے مطابق بطور مِمکری آرٹسٹ وہ ماضی میں بھی متعدد مرد و خواتین شخصیات کی نقل کر چکے ہیں اور اس کا مقصد صرف تفریح فراہم کرنا ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ انہیں اس بات پر افسوس ہوا کہ بشریٰ انصاری نے اپنی گفتگو میں انہیں خواجہ سرا قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی شخص خواجہ سرا بھی ہو تو اس میں کوئی برائی نہیں، کیونکہ وہ بھی معاشرے کا قابلِ احترام حصہ ہیں۔وحید لالہ کے مطابق فن اور اداکاری میں کردار کی نوعیت یا جنس کی بنیاد پر تفریق نہیں ہونی چاہیے اور ان کی مِمکری کا مقصد کسی کی تضحیک نہیں بلکہ فن کا اظہار تھا۔واضح رہے کہ بشریٰ انصاری کی نقل پر مبنی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس کے بعد اس معاملے پر مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں۔
بشریٰ انصاری کی مِمکری پر وحید لالہ کا ردعمل، فنکارہ کو شوبز کا قیمتی اثاثہ قرار دے دیا
واپس خبروں پر
Category:
تفریح