امریکا کی ایران کے خلاف بڑے فوجی آپریشن کی تیاریاں، پنٹاگون کی فوج کو ہدایت

امریکا کی ایران کے خلاف بڑے فوجی آپریشن کی تیاریاں، پنٹاگون کی فوج کو ہدایت

Nov 5, 2026|ویب ڈیسک

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی محکمہ دفاع پنٹاگون نے ایران کے خلاف ممکنہ بڑے پیمانے پر فوجی کارروائیاں دوبارہ شروع کرنے کے پیش نظر اپنی فوج کو تیار رہنے کی ہدایت کردی ہے، جبکہ مشرقِ وسطیٰ میں مزید فوجی وسائل اور عسکری سازوسامان بھیجنے کی تیاریاں بھی جاری ہیں۔امریکی خبر رساں ویب سائٹ ایگزیوس نے حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ پنٹاگون نے امریکی فوج کو ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائیوں کے لیے تیار رہنے کا حکم دیا ہے۔ اس سلسلے میں خطے میں اضافی فوجی وسائل تعینات کرنے پر بھی کام کیا جا رہا ہے۔رپورٹ کے مطابق ان تیاریوں کا یہ مطلب نہیں کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف دوبارہ جنگ شروع کرنے کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے، تاہم امریکی فوج ممکنہ آپریشن کے لیے اپنی تیاری مکمل کررہی ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق اگر فوجی کارروائیاں دوبارہ شروع ہوئیں تو ان میں بڑے پیمانے پر فضائی حملے بھی شامل ہوسکتے ہیں۔ ممکنہ اہداف میں ایران کی جوہری تنصیبات، توانائی کے مراکز اور اہم بنیادی ڈھانچہ شامل ہیں۔رپورٹ میں یہ امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے کہ کسی نئے فوجی آپریشن میں اسرائیلی فوج بھی امریکا کا ساتھ دے سکتی ہے، تاہم تاحال امریکی قیادت کی جانب سے کسی نئی کارروائی کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔امریکی فوج کی یہ تیاریاں ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب واشنگٹن اور تہران کے درمیان کشیدگی برقرار ہے اور تنازع کے حل کے لیے سفارتی رابطوں کی کوششیں بھی جاری ہیں۔ تازہ فوجی پیش رفت کے باعث خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔