جرمنی میں سیٹلائٹ اسٹیشن کو آگ لگانے کے شبہے میں دو ترک گرفتار
برلن( مانیٹرنگ ڈیسک)جرمنی میں پولینڈ کے اسٹارلنک سیٹلائٹ کمیونیکیشن اسٹیشن کو آگ لگانے کے شبہے میں دو ترک شہریوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔اے ایف پی کے مطابق پولینڈ کے وزیراعظم ڈونلڈ ٹسک نے گرفتاریوں کی تصدیق کرتے ہوئے واقعے کو ہائبرڈ وارفیئر، یعنی روایتی جنگ کے علاوہ خفیہ اور تخریبی کارروائیوں کا حصہ قرار دیا ہے۔پولینڈ کے وزیر داخلہ مارسن کیئرونسکی کے مطابق دونوں مشتبہ افراد پر تخریب کاری اور غیر ملکی انٹیلی جنس سروس کے لیے جاسوسی کرنے کے الزامات ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ یہ گرفتاریاں پولینڈ اور جرمنی کی سکیورٹی ایجنسیوں کے مشترکہ تعاون سے عمل میں لائی گئیں۔وسطی پولینڈ کے علاقے مازوویا میں قائم یہ اسٹیشن سرکاری ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی ایکساٹیل کی ملکیت ہے۔ یہ پولینڈ سمیت یوکرین کی جانب انٹرنیٹ ٹریفک کی ترسیل کے لیے بھی استعمال ہوتا ہے۔ستمبر کے آخری حصے میں پیش آنے والے واقعے کے باوجود اسٹیشن فعال رہا۔ پولینڈ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس کارروائی کا مقصد یوکرین کی فوج سمیت مختلف اداروں کی انٹرنیٹ تک رسائی متاثر کرنا ہو سکتا تھا۔تاہم اس تخریبی کارروائی میں کسی غیر ملکی ریاست کے ملوث ہونے کی حتمی تصدیق تاحال سامنے نہیں آئی۔