شہنشاہ قوالی نصرت فتح علی خان کا 78 واں یوم پیدائش آج منایا جا رہا ہے
فیصل آباد( شو بز ڈیسک) شہنشاہ قوالی استاد نصرت فتح علی خان کا 78 واں یوم پیدائش آج منایا جا رہا ہے، ان کی سحر انگیز آواز اور لازوال فن آج بھی دنیا بھر میں موسیقی کے شائقین کے دلوں میں زندہ ہے۔استاد نصرت فتح علی خان 13 اکتوبر 1948 کو فیصل آباد میں پیدا ہوئے۔ ان کا تعلق موسیقی کے ایک نامور گھرانے سے تھا، جہاں انہوں نے اپنے والد استاد فتح علی خان سے گائیکی کی تربیت حاصل کی۔ اپنی محنت، لگن اور غیر معمولی صلاحیتوں کے باعث انہوں نے عالمی سطح پر شہرت حاصل کی۔ان کی آواز میں موجود درد، سوز اور روحانیت نے سامعین کو ہمیشہ متاثر کیا۔ ’’دم مست قلندر‘‘، ’’میرا پیا گھر آیا‘‘ اور ’’یہ جو ہلکا ہلکا سرور ہے‘‘ جیسی مقبول قوالیوں نے انہیں عوام میں بے پناہ پذیرائی دلائی۔استاد نصرت فتح علی خان نے روایتی قوالی کو جدید اور عالمی موسیقی کے رنگوں سے ہم آہنگ کرکے ایک نئی پہچان دی۔ ان کے فن کو دنیا کے مختلف ممالک میں سراہا گیا اور انہوں نے اپنی آواز کے ذریعے پاکستانی موسیقی کو عالمی سطح پر متعارف کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔آج بھی ان کے مداح ان کی قوالیاں، غزلیں اور گیت سن کر محظوظ ہوتے ہیں۔ ان کا فن اس حقیقت کی روشن مثال ہے کہ موسیقی کسی سرحد، مذہب یا ثقافت کی پابند نہیں ہوتی، بلکہ دلوں کو جوڑنے کی طاقت رکھتی ہے۔