محمد رضوان نے معاذ صداقت کے قومی ٹیم تک پہنچنے کا دلچسپ قصہ سنا دیا

محمد رضوان نے معاذ صداقت کے قومی ٹیم تک پہنچنے کا دلچسپ قصہ سنا دیا

Oct 13, 2026|ویب ڈیسک

 لاہور( سپورٹس ڈیسک)پاکستان کے نوجوان بیٹر معاذ صداقت کی سری لنکا کے خلاف شاندار کارکردگی پر سابق کپتان محمد رضوان نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ان سے جڑی ایک یادگار کہانی شیئر کردی۔محمد رضوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں بتایا کہ انہیں آج بھی وہ وقت یاد ہے جب معاذ اپنے بھائی ہارون کے ہمراہ پشاور میں ان کے گھر آئے تھے۔رضوان کے مطابق اس وقت معاذ صداقت کی آنکھوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کا خواب تھا، جو اب حقیقت بن چکا ہے۔ انہوں نے نوجوان کرکٹر کی محنت اور عزم کو سراہتے ہوئے دوسرے نوجوان کھلاڑیوں کو بھی اپنے خوابوں پر یقین رکھنے کا پیغام دیا۔سابق کپتان کا کہنا تھا کہ کامیابی کے لیے محنت، صبر اور مستقل مزاجی بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے سری لنکا کے خلاف سیریز جیتنے پر کپتان صاحبزادہ فرحان اور قومی ٹیم کو بھی مبارک باد دی۔معاذ صداقت نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 29 گیندوں پر 50 رنز کی اننگز کھیل کر پاکستان کی چار وکٹوں سے کامیابی میں اہم کردار ادا کیا تھا۔بعد ازاں راولپنڈی میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں نوجوان بیٹر نے صرف 51 گیندوں پر 96 رنز بنا کر اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ ان کی دھواں دار اننگز میں 6 چوکے اور 7 چھکے شامل تھے۔معاذ میچ کی آخری گیند پر آؤٹ ہوگئے، جس کے باعث وہ اپنی پہلی بین الاقوامی سنچری مکمل نہ کرسکے۔ تاہم ان کے 7 چھکوں نے پاکستان کی جانب سے ایک ٹی ٹوئنٹی اننگز میں انفرادی طور پر سب سے زیادہ چھکے لگانے کے ریکارڈ کی برابری کردی۔