ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کانٹی نینٹ کپ، پاکستانی اور بھارتی کھلاڑی ایک ٹیم میں شامل
لاہور( سپورٹس ڈیسک)بھارت کے سابق اوپنر شیکھر دھون دسمبر 2026 میں ہانگ کانگ میں ہونے والے پہلے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کانٹی نینٹ کپ میں پاکستان کے افتخار احمد اور سہیل تنویر کے ساتھ ایشیا واریئرز کی نمائندگی کریں گے۔ٹورنامنٹ میں ایشیا واریئرز، افریقا لائنز، یورپ چیمپئنز اور نارتھ امریکا ایگلز سمیت چار ٹیمیں حصہ لیں گی، جن میں مختلف ممالک کے 60 سے زائد سابق بین الاقوامی کرکٹرز کی شرکت متوقع ہے۔منتظمین کے مطابق ایونٹ میں فائنل سمیت مجموعی طور پر نو میچز کھیلے جائیں گے۔ اس ٹورنامنٹ کا مقصد بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہونے والے نامور کھلاڑیوں کو ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں دوبارہ میدان میں اترنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ایشیا واریئرز نے ایونٹ کے لیے 24 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے، جس میں بھارتی اوپنر شیکھر دھون کے علاوہ پاکستان کے تجربہ کار آل راؤنڈر افتخار احمد اور بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر سہیل تنویر بھی شامل ہیں۔سہیل تنویر 2009 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے والی پاکستانی ٹیم کا حصہ رہ چکے ہیں۔ اسکواڈ میں بھارت کے راہول شرما اور بنگلادیش کے تجربہ کار کرکٹرز روبیل حسین اور محمود اللہ ریاض بھی شامل ہیں۔ٹورنامنٹ کے مکمل شیڈول کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا، تاہم منتظمین کی جانب سے ایونٹ سے متعلق مزید تفصیلات جلد جاری کیے جانے کا امکان ہے۔